145

پلوامہ کی ادبی تنظیم کے زیراہتمام مزاحیہ مشاعرے کا اہتمام

جموں و کشمیرکے شعراء کی شرکت ،مزاحیہ کلا م کے ذریعے لوگوں کے مسائل اُجاگر کیے

پلوامہ//تنہا ایاز//

وادی کی معروف ادبی تنظیم ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے زیر اہتمام آن لائن مزاحیہ مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو درجن کے قریب شعراء نے شرکت کرکے اپنے مزاحیہ کلام کے ذریعے لوگوں کے مسائل اُجاگر کیے۔تفصیلات کے مطابق قصبہ پلوامہ کی معروف ادبی تنظیم ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی نے ایک آن لائن مزاحیہ مشاعرے کا اہتمام کیا جس میں شعراء حضرات نے اپنے مزاحیہ کلام کے ذریعے لوگوں کے مسائل کو اُجاگر کیا۔نمائندے کے مطابق یہ مشاعرہ اتوار دیر گئے ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے وٹس اپ گروپ پر منعقد ہوا جس میں سرینگر ،پلوامہ ،کپوارہ،ہندوارہ،شوپیان،اننت ناگ اور جموں کے شعراء نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے صدر غلام رسول مشکور نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا جب کہ نظامت کے فرائض غلام محمد دلشاد نے انجام دئے۔مزاحیہ مشاعرے میں جن شعراء نے شرکت کی اُن میں ایوب صابر،پریم ناتھ شاد،غلام رسول مشکور،ڈاکٹر شوکت شفا،جلال الدین دلنواز،مقبول فیروزی،شمس سلیم، غلام محمد دلشاد،سید جوہر،دلکش مظفر،شوکت ثاقب پوشپوری،گل شکیل ترالی،تاج النسائ،شاکر فاروق،غمگین مجید،عبد الرحمٰن جنگل ناڑی،عبد الرشید پنجگامی،غلام محمد جنگل ناڑی،سید ممتاز قابلِ ذکر ہے۔ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے صدر غلام رسول مشکور نے اپنے خطبے میں کہاکہ کرونا وائرس کے باوجود تنظیم نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے کشمیری زبان کو فروغ دینے کے لیے اپنی سرگر میاں جاری رکھی ۔اُنہوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پہلی بار ضلع میں اس طرح کا مزاحیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا اور شعراء نے اپنے کلام سے اپنے اپنے انداز میںلوگوں کے مسائل اُجاگر کرنے کی کوشش کی جو قابلِ داد ہے۔تقریب کے آخر پر غلام محمد دلشاد نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں