افتتاحی تقریب پرعزیز بھگت تھیٹر آرہ گام کوکرناگ نے شکار گاہ ڈراما پیش کیا
سرینگر//ندائے کشمیر//
جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام اور NZCC کے اشتراک سے آج ٹیگور ہال سرینگر میں پانچ روزہ جشنِ بھانڈ فوک فیسٹول کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل سیکریٹری کلچر شری سُریش کمار گپتا خاص مہمان کی حیثیت سے تقریب پر موجود تھے۔ تقریب کا افتتاح پرنسپل سیکریٹری کلچر سُریش کمار گپتا نے روایتی اسبند جلا کر کیا گیا۔ان کے ہمراہ کلچرل اکیڈیمی کے ڈپٹی سیکریٹری سید شکیل الرحمان، انچارج آفیسر کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر فاروق انوار مرزا بھی شامل تھے۔تقریب پر ڈپٹی سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی سید شکیل الرحمان نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا اور فیسٹول کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقعے پر پرنسپل سیکریٹری گپتا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلچر کو آگے بڑھانے کے لئے ہم کوشاں ہیں، آگے بھی ایسی تقاریب منعقد ہوا کریں گی اور جموں و کشمیر کے تمام فنکاروں کو ان تقاریب میں شرکت کرنے کا موقعہ دیا جائے گا۔تقریب پرعزیزبھگت فوک تھیٹر آرہ گام کوکر ناک نے شکار گاہ کشمیری سٹیج ڈراما پیش کیا، جسے حاضرین کی طرف سے خوف داد حاصل ہوئی۔تقریب میں ثقافت شناسوں اور طلبہ و طالبات کی خاصی تعداد موجود تھی۔تقریب کے اختتام پر انچارج آفیسر کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر فاروق انوار مرزا نے مہمانوں اور حاضرین کا شُکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معروف براڈ کاسٹر رشید نظامی نے انجام دئے۔