نامور صحافی اور سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 14ویں برسی 0

نامور صحافی اور سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 14ویں برسی

سیاسی، سماجی، صحافتی اور ادبی تنظیموں کا شاندار خراج

پلوامہ/ تنہا ایاز/ وادی کشمیر کے مشہور و معروف صحافی اور سرینگر سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 14 ویں برسی پر سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے مرحوم کی ادبی اور صحافتی خدمات کو یاد کر کے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق اردو ادب و کشمیری زبان کا پرستار ، صحافت کا مینار اور روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 14 ویں برسی کے موقع پر سیاسی، سماجی ،صحافتی اور ادبی تنظیموں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیری زبان اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے جو کارنامے انجام دئے ہیں انہیں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس دوران وادی کے نامور شاعر ،ادیب اور قلمکار عبدالرحمان فدا نے سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کو اْن کی14 ویں برسی پر ان کی صحافتی اور ادبی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے جس قدر کشمیری زبان ،کلچرل اور اردو زبان کی خدمت کی ہے اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ادھر جموں کشمیر سیول سوسائٹی فورم کے سرپرست اعلی فیاض اندرابی نے مرحوم صوفی غلام محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی سرزمین اگر چہ ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، قلمکاروں اور صحافیوں سے مالامال ہے لیکن کئی شخصیات ایسی بھی ہیں جنہوں نے باد مخالف کے تھپیڑوں کے باوجود اپنے نظریات اور عزائم کو کبھی پس پشت نہیں چھوڑا اور نہایت ہی کٹھن اور پرپیچ مرحلوں کو طے کر کے اپنے پیشے کو زندہ جاوید رکھا۔ ان میں صوفی غلام محمد کا نام بھی سرفہرست ہیں۔صوفی غلام محمد ایک نہایت ہی مدبر، معتبر اور پروقار شخصیت تھی اور انہوں نے وقت وقت پر یہاں کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو ارباب اقتدارتک پہنچا یا بلکہ لوگوں کی زبان بن کر بے زبانوں کی ترجمانی کی۔ اللہ رب العزت صوفی صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ ضلع پلوامہ کے نامور ماہر تعلیم غلام حسن طالب نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی اور مدیر اعلیٰ صوفی غلام محمد کی چودہویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وہ زمانہ یاد آرہا ہے کہ جب روزنامہ آفتاب کے بانی اور مدیر اعلٰی خواجہ ثنا اللہ بٹ، غرض دونوں آسمان صحافت کے درخشاں ستارے بنکر پوری ریاست میں ضیا افروز تھے، مرحوم صوفی غلام محمد کی ادارت میں یہ اخبار ایک انجمن بنی ہوئی تھی کہ جہاں سیقارئین کی موافق مزاج خبریں اور تبصرے منظر عام پر آتے رہتے تھے، سرینگر ٹائمز کی آن، بان اور شان بڑھانے میں روزمرہ کارٹونوں کا بہت بڑا رول رہا ہے جنہیں ان کا برادر اصغر بشیر احمد بشیر روزانہ ترتیب دیتا تھا، سرینگر ٹائمز کے تبصروں اور اداریوں کو پڑھنے کی تشنگی لئے قارئین صبح سویرے وہ بھی نہار منہ اخبارات کا ابتدائی سری مطالعہ کرنے لگتے تھے، صوفی غلام محمد مرحوم تبصرے خاص کر ایڈیٹوریل تحریر کرنے میں ید طولی رکھتے تھے، انہوں نے اپنے اخبار کے ذریعے زبان و ادب کے فروغ کے لئے قابلِ قدر کوششیں کی ہیں، ان کے اخبار سے شائع ہونیوالے طرحی مشاعروں کی بدولت وادی کے کم و بیش تمام شعرائے کرام کو پلیٹ فارم ملنانصیب ہوا تھا -مراز ادبی سنگم نے 14ویں برسی پر صوفی غلام محمد کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علی شیدا جو مراز ادبی سنگم کے صدر ہے نے سرینگر ٹائمز کے بانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی ادبی اور صحافتی خدمات کو یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ صوفی غلام محمد نے ادب اور صحافت کی خدمات کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کے گوناگوں مسائل اجاگر کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ہفت روزہ ندائے کشمیر کے چیف ایڈیٹر معراج الدین فراز نے مرحوم کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد ایک اعلی پایہ کے صحافی اور قلم کار تھے جنہیں کبھی بھی بلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے جس قدر خدمت کی ہے اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ سابقہ پریذیڈنٹ غلام رسول مشکور اور سابقہ جنرل سکریٹری جلال الدین دلنواز نے صوفی غلام محمد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد جموں کشمیر کے عظیم صحافی تھے۔ صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ وہ کشمیری زباں کے ایک بہترین قلمکار بھی تھے۔ انکی خدمات کو ادبی حلقوں میں ہمیشہ سنہرے الفاظ سے یاد کیا جائے گا۔ ادھر پلوامہ کے سماجی کارکن محمد الطاف جڈورہ، رہمو پلوامہ کے سوشل ورکر ا?فتاب احمد سمیت وادی کے ادبی تنظیموں نے سرینگر ٹائمز کے بانی کو برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں