کلچرل اکیڈیمی کے اہتمام سے تھیٹر فیسٹول 2023 جاری 0

کلچرل اکیڈیمی کے اہتمام سے تھیٹر فیسٹول 2023 جاری

کالی داس تھیٹر سے وابستہ فنکاروں نے”درویش نامہ” اسٹیج ڈرامہ پیش کیا

سرینگر/ 3 نومبر/ جمیل انصاری۔
جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے ٹائیگورہال سرینگر میں جاری 6 روزہ تھیٹر فیسٹول کشمیر 2023 کے چوتھے روز آج ٹائیگورہال میں تھیٹر سے وابستہ فنکاروں اور ڈرامہ شائقین کی ایک خاصی تعداد موجود تھی اور فیسٹول کے چوتھے روز کالی داس تھیٹر سے وابستہ فنکاروں نے فیاض دلبر کا لکھا ہوا اور ڈاکٹر عیاش عارف کی ہدایت میں اردو اسٹیج ڈرامہ”درویش نامہ” پیش کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کی اور حاضرین نے ڈرامہ میں کام کرنے والے تمام فنکاروں کو خوب سراہا۔ ڈرامے میں جن اداکاروں نے اپنی بہترین اداکاری سے ڈرامہ شائقین کے دل جیت لئے ان میں قاضی فیض، شوکت عثمان، شہزادشبیر، شاہد ملک اور شافیہ مقبول وغیرہ قابل ذکر ہیں۔واضح رہےکہ اس 6 روزہ تھیٹر فیسٹول کشمیر 2023 کا اہتمام جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز نے کیا ہے جس میں کشمیر ویلی تھیٹر اور کرٹین کال تھیٹر سے وابستہ فنکاروں کی شرکت ابھی باقی ہے۔ فیسٹول کے چوتھے روز بھی کئی معروف تھیٹر شخصیات کے علاوہ دوردرشن کیندر سرینگر کے سابق سربراہ شبیر مجاہد، معروف قلم کار اور براڈکاسٹر ابدال مہجور، معروف معالج، ادیب اور قلم کار ڈاکٹر مشتاق، مشتاق علی احمد خان، ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ، محمد یوسف شاہین، مشتاق برق، ارشد مشتاق، جاوید گیلانی اور گلفام بارجی کے علاوہ وادی کے کئی دیگر نامی گرامی ادیبوں، قلم کاروں، فنکاروں اور ڈرامہ شائقین کی ایک خاص تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں