ابر آلود موسم کے ساتھ ساتھ ہلکی بارشیں ہونے کا امکان / محکمہ موسمیات
سرینگر /26اگست / وادی کشمیرکے کئی علاقوں میں دوران شب ہوئی ایک بار پھر موسلا دار بارشوں کے بیچ سنیچروار کو دن بھر ابر آلود موسم رہنے سے گرمی کی لہر میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ ہی لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دورن وادی کشمیر میں مزید بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔ادھر وادی کے کئی علاقوں میںبادل پھٹنے کے واقعات کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں موسم نے کروٹ بدلی جس کے بعد دوران شب سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں بارشیں ہوئی ۔ جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی شب کو وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم نے کروٹ بدلی جس کے ساتھ ہی شمال و جنوب میں موسلا دار بارشیں ہوئی ۔ وادی کے بیشتر علاقوں میں سنیچروار کی اعلیٰ الصبح تک بارش ہوئی جس کے نتیجے میں گرمی کازور ٹوٹ گیا اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ ا س دوران ندی نالوں اور دریائوں میں پانی کی مقدار کافی کم ہونے کے نتیجے میں کسان اور زمیندار بھی پریشان تھے اور آج کی بارش سے ندی نالوں اور دریائوں و جھیلوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے کسان و زمیندار وں کے چہروں پر بھی خوشی ظاہر ہوئی ۔دوران شب اور اعلیٰ الصبح ہوئی بارشوں کے بعد سنیچروار کو دن بھر موسم ابر آلو رہا جس کے ساتھ کئی علاقوں میں رم جم بارشیں ہوئی ۔ نمائندے کے مطابق موسم کی غیر یقینی صورتحال اور بارشوں کے نتیجے میں اہلیان وادی نے گرمی کی شدت ترین لہر سے راحت حاصل کی۔ جبکہ موسلا دار بارشوں کے نتیجے میں شمالی و جنو بی کشمیر کے اکثر و بیشتر ندی نالوں میں پانی کا بہاو تیز ہوگیا۔ اسی دوران جموں میں بھی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوںمیں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنل کے آر پار اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 اگست کو بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری بھی متوقع ہے۔