90

جموں وکشمیر میں دوبارہ اسکول کھولنے کا معاملہ/ ابھی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا :کے کے شرما

سرینگر؍8 ،اگست ؍جموں وکشمیر میں دوبارہ اسکول کھولنے کے معاملے پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ،کے کے شرما نے کہا ہے کہ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے اور انتظامیہ نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے اسکول دوبارہ کھولنے سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں جبکہ معاملے پرغور وخوض جار ی ہے ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق حکومت ہند کی جانب سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی تجویز پیش کرنے کی ہدایت پرجموں و کشمیر کے حکام نے سنیچرکے روز کہا کہ وہ اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں اور ابھی تک کسی نتیجہ پر نہیں پہنچے ہیں۔انتظامیہ کے ایک اعلی عہدیدارنے بتایا ہے کہ ان سے کہا گیا تھا کہ وہ حکومت ہند کو یہ تجویز پیش کریں کہ آیا کوویڈ۔19 کے وبائی امراض کے پیش نظر بندش کے بعد اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں کوئی’ فزیبلٹی‘ یعنی امکان موجود ہے یا نہیں۔ایک مقامی انگریزی خبر رساں ادارے (کے این او) کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر ،کے کے شرما نے بتایا کہ حکومت نے تمام ریاستوں کے حکام سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق تجاویز طلب کی ہے۔شرما نے کہا ، ’ابھی تک اس معاملے کے سلسلے میں یہاں بات چیت جاری ہے ، لیکن کچھ بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے‘۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اس بات پر کیا کہ بعض ریاستوں نے میڈیا رپورٹس کے مطابق سمبر اور نومبر مرحلہ وار بنیادوں پر اسکول دوبارہ کھولنے کا فیصلہ لیا ہے ۔کے کے شرما نے کہا کہ ابھی تک جموں وکشمیر میں دوبارہ اسکول کھولنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا اور غور وخوض جاری ہے ۔یاد رہے کہ کشمیر میں سات کے طویل عرصے کے بعد مارچ میں اسکول اور کالج کھولے گئے ،لیکن مارچ کے دوسرے ہفتے میں عالمی وبا کے پیش نظر دوبارہ بندکئے گئے اور تاحال بند ہی ہیں ۔وادی کشمیر میں تعلیمی شعبہ کو بری طرح سے متاثر ہونے سے محفوظ رکھنے کیلئے آن لائن کلاسز شروع کئے گئے جبکہ اب اوپن ائر اسکول بھی قائم کئے جارہے ہیں ،تاہم کشمیر میں موسم کا مزاج کب تبدیل ہوگا ،یہ کوئی جانتا ہے ،ایسے میں ان اسکولوں کی کامیابی پر بڑا سوالیہ لگ جاتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں