ماہ اکتوبر نومبر میں ہونے والے میونسپل اور پنچایتی انتخابات کے پیش نظر نیم فوجی دستوں کی کچھ کمپنیاں کشمیر میں رہنے کا امکان
سرینگر /23اگست / جموں کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی کاموںکا جائزہ لینے کیلئے نئی دلی میں مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے بھلا کی سربراہی میںایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میںمرکز کے زیر انتظام علاقے میں مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس بات کا بھی فیصلہ لیا گیا کہ امرناتھ یاترا کے اختتام کے بعد نیم فوجی دستوں کی کچھ کمپنیاں سال رواں میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایتوں کے انتخابات کے انعقاد تک کشمیر میں ہی قیام کر سکتے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا نے نئی دہلی میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں کا ایک اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ان کے ہمراہ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) آر کے گوئل، جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، اسپیشل ڈی جی پی سی آئی ڈی آر آر سوئن کے علاوہ مرکزی وزارت داخلہ کے افسران بھی موجود تھے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ قریب دو گھنٹو ں تک چلی جس دوران جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی کاموں کا خاص طور پر مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں اور وزیر اعظم کے ترقیاتی منصوبے کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں جموں و کشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع کی صورتحال سمیت جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے مختلف پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ساتھ ہی امرناتھ یاترا کی سالانہ یاترا سے متعلق پہلوئوں بھی زیر غور آئیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی اور جموں و کشمیر یوٹی حکومتیں پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے نچلی سطح تک مناسب حفاظتی انتظامات چاہتی ہیں کیونکہ اربن لوکل باڈیز اور پنچایتیں اگلے دو مہینوں میں اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر رہی ہیں اور ایسی اطلاعات ہیں کہ ان کے انتخابات اکتوبر نومبر میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ امرناتھ جی یاترا کیلئے تعینات کچھ نیم فوجی دستے میونسپل اور پنچایتی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے کشمیر میں ہی قیام کر سکتے ہیں جس پر میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔