0

وادی میں ’’ وتستا کلچرل فیسٹول ‘‘ کی پیشگی تقریبات جاری

کونگہ پوش پارک ، بادام واری ، زبرون پارک اور دیگر کئی مقامات پر نامور فن کاروں نے اَپنی شاندار اور دِلفریب پرفارمنس سے سامعین کو محظوظ کیا

سری نگر/18؍جون:شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کانفرنس سینٹر سری نگر میں 23؍ جون سے شروع ہونے ولاے سہ روزہ ’’ وتستا کلچرل فیسٹول ‘‘ کی پیشگی تقریبات کا سلسلہ وادی میں جاری ہے۔
آج سری نگر کی مشہور کونگہ پوش پارک ، بادام واری ، زبرون پارک کے علاوہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے آلسٹینگ گائوں میں ثقافتی تقریبات کا ِنعقاد کیا گیا جن میں وادی کے ممتاز اور بعض اُبھرتے ہوئے فن کاروں نے اَپنی خداداد صلاحیتوں سے مزّین پر فارمنس سے سامعین کا دل موہ لیا۔ اِن تقریبات میں ہر عمر اور لوگ جوق در جوق آئے۔
فن کاروں نے روایتی نغموں اور رقص کے ساتھ ساتھ قدیم طرز کے ڈراموں اور بانڈ پاتھر ، گجری ، دھمالی ، بچہ نغمہ ، روف جیسے روایتی فن سے لوگوں کو محظوظ کیا اور ان سے داد حاصل کی۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سہ روزہ ’’ وتستا کلچرل فیسٹول ‘‘ کا اِنعقاد 23سے25 ؍ جون تک ہو رہا ہے جس میں مقامی اور باہر سے آنے والے فن کار اَپنے فن کا مظاہرہ کر یں گے ۔ ان تقریبات میں اہم سیاسی اور سماجی شخصیات بھی موجود رہیں گی ۔ اِس فیسٹول کا اِنعقاد مرکزی وزارتِ ثقافت ،نارتھ زون کلچرل سینٹر، پٹیالہ کے ذریعے کر رہی ہے ۔
دریائے جہلم کے قدیم ویدک نام سے منسوب اِس فیسٹول کا مقصد’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ ( ایک ہندوستان ، عظیم ہندوستان) کے ویژن کو تقویت پہنچانا ہے۔
فیسٹول کے حوالے سے پیشگی تقریبات کا اہتمام فی الوقت وادی کے مختلف علاقوں میں جاری ہے اور یہ تقریبات 21 جون تک جاری رہیں گی ۔ ان کا مقصد کشمیری لوک ثقافت کے متنوع فن کی نمائندگی کرنے والے فن کاروں کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد کرنا ہے ۔
دریں اثنا منتظمین کا کہنا ہے کہ کل یعنی سوموار کو سری نگر کے امیرا کدل ، بچھوارہ اور ڈل گیٹ کے علاوہ وسطی کشمیر کے بڈگام میں بھی کئی مقامات پر ثقافتی تقریبات کا اِنعقاد ہوگا جن میں مقامی فن کاروں کو اَپنی مسحورکن صلاحیتوں سے لوگوں کا دِل لبھانے کا موقعہ فراہم ہوگا۔
اِس کے علاوہ سری نگر میں مصوری اور خطاطی کے خصوصی کیمپوں کا اِنعقاد بھی کیا جارہا ہے ۔ یہ کیمپس نارتھ زون کلچرل سینٹر، پٹیالہ اور جموںوکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اور لنگویجز کے اِشتراک سے منعقد کئے جارہے ہیں۔
اِس ضمن میں دی گئیں تفصیلات کے مطابق سری نگر کی لال منڈی میوزیم میں 19 ؍جون سے 25؍جون تک مصوری کیمپ کا اِنعقاد کیا جارہا ہے جس میں ’’ کشمیر کی خوبصورتی‘‘ کے عنوان سے آرٹسٹ مختلف اقسام کی پینٹنگز تخلیق کریں گے ۔ اِس کے ساتھ ہی خطاطی کیمپ 21 ؍ جون سے سری نگر کے بمنہ گورنمنٹ کالج میں شروع ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں