جموں کشمیر میں ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا خطرہ۔ 0

جموں کشمیر میں ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا خطرہ۔

اس خطرے سے نمٹنے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنے کی اشد ضرورت : ڈاکٹر روبیہ بخاری

پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری
مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس میں تعینات کیمپس آفیسر ڈاکٹر روبیہ بخاری نے جموں کشمیر میں ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی کو ایک بہت بڑا خطرہ بتایا ہے جس سے نمٹنے کیلئے شعور بیداری کی تقریبات منعقد کر رسمی طور پر لیکچر دیکر عوام کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر کام کرنے کی بھی اشد ضرورت پر زور دیا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اکثر و بیشتر دیکھا گیا ہیکہ ہم دوسروں کو نصیحت کرتے نظر آتے ہیں کہ آپ ایسے ایسے کام کریں جس سے گلوبل وارمنگ نہ بڑھے اور ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیاں رونما نہ ہوں لیکن ہم خود اس سے کوسوں دور نظر آتے ہیں جبکہ ہمیں اتنے بڑے خطرے سے نمٹنے کے لیے خود سے شروعات کرنے کی ضرورت ہے جس میں دوسروں کو ساتھ لیکر چلنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے سماج کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے جس میں درخت لگانا ، پلاسٹک کا استعمال نہ کرنا ، ایسی چیزوں سے پرہیز کرنا جن سے گرین ہاؤس گیس خارج ہوکر ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی کا باعث بنتے ہیں اور جب سماج کا ہر فرد اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا تو گلوبل وارمنگ کو کم کیا جا سکے گا اور ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس کے طلباء و طالبات نے ایک صفائی مہم کا اہتمام کیا جس کے بعد عالمی یوم ماحولیات پر لگائے گئے درختوں کو پانی دیکر عوام سے اپیل کی کہ موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے زمینی سطح پر کام کریں اور اپنے شہری ہونے کا فرض ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں