عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے لگائی گوہار، سڑکوں کی مرمت ہو اس بار
پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری
پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی جوکہ ایک ایسی جگہ ہے جو ہر بار پونچھ کی سیاست میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے جس میں پونچھ کی سیاست کی اگر بات کی جائے تو اکثر و بیشتر منڈی کے لیڈران ہی بازی جیتتے رہے لیکن ہزار لیڈران ہونے کے باوجود جب منڈی و اسکے دور دراز علاقوں کی سڑکوں پر نظریں دوڑائی جائیں تو وہ کچھ اور ہی بیان کرتی ہیں۔ ہر بار ترقی کے خواب لیڈران منڈی کو دکھاتے رہے لیکن منڈی کی ترقی زمینی سطح پر نہیں دکھائی دی ۔
آج بھی پونچھ سے منڈی جانے والی شاہرہ کی ابتر حالت ہے تو وہیں منڈی سے مغل شاہراہ کو جوڑنے والی سڑک بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔ لیڈران سڑکوں کی حالت کو بہتر بنوانے کے بجائے ایک دوسرے کو آجکل سوشل میڈیا پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں کوئی ستر سال کا جواب مانگ رہا ہے تو کوئی پچھلے ڈھائی سالوں کا ، کوئی کہتا ہے کہ ہم نے منڈی کی ترقی کی اور اسے بہتر بنایا تو کوئی کہتا ہے کہ ہم نے ہی ترقی کی لیکن حقیقت کی بات یہ ہے کہ منڈی کی عوام سڑکوں کی ابتر حالت سے سخت پریشان ہے جس کے لیے انہوں نے لیڈران کے علاوہ کئی بار انتظامیہ سے بھی گوہار لگائی لیکن سڑکوں کی حالت آج تک سدھر نہیں پائی ۔
عوام نے اب نئے تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ منڈی کی عوام کی طرف اور منڈی کی ابتر سڑکوں کی حالت کی طرف اپنی توجہ مرکوز کریں اور انکی مرمت کروانے کے احکامات جاری کریں تاکہ منڈی کی عوام راحت کی سانس لے پائے۔