8سیاحوں سمیت10افراد اور درجنوں خانہ بدوش کنبے محفوظ جگہوں پر منتقل 0

8سیاحوں سمیت10افراد اور درجنوں خانہ بدوش کنبے محفوظ جگہوں پر منتقل

پرانی جواہر ٹنل،قاضی گنڈاورمرگن ٹاپ کوکرناگ میں بچاؤ کارروائیاں

270سے زیادہ بھیڑ بکریوں کوبھی پولیس،فوج وسرکاری اہلکاروں نے بچالیا

سری نگر :۸، مئی: جے کے این ایس : دوران شب شدیدبارشوں اور اچانک برف باری کے بعد پرانی جواہر ٹنل کے قریب 8سیاحوں سمیت10افراد پھنس گئے جبکہ کولگام ضلع کے قاضی گنڈ علاقے میں ایک نالے میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعدمتعدد بکروال اپنے200سے زیادہ مویشیوں کیساتھ مشکل ترین صورتحال سے دوچار ہوئے ۔اس دوران کوکرناک کے مضافاتی بالائی علاقے مرگن ٹاپ میں 20سے زیادہ خانہ بدوش اپنے درجنوں مویشیوںکے ساتھ درماندہ ہوکررہ گئے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق 8 سیاحوں سمیت کم از کم10افراد کولگام ضلع کے قاضی گنڈ علاقے میں پرانی جواہرٹنل کے قریب اس وقت پھنس گئے جب وہ کشمیر جا رہے تھے۔حکام نے پیر کو بتایاکہ غیر متوقع برف باری کی وجہ سے سیاح اس ٹنل کے قریب پھنس گئے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پھنس گئے ہیں ان میں انڈمان اور نکوبار جزائر کے8 سیاح، گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا مددگار شامل ہیں۔دریں اثنا، تحصیلدار قاضی گنڈ خورشید احمد تانترے نے کہا کہ وہ بی ٹاپ پر پھنس گئے ہیں، جو جواہر ٹنل سے تقریباً20 کلومیٹر اوپر ہے۔انہوں نے کہا کہ سبھی دس درماندہ افرادکو بچانے کےلئے ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی،اور اُن کووہاں سے محفوظ جگہ منتقل کیاگیا ،جہاں سے وہ بعدازاں قاضی گنڈ پہنچے ۔اس دوران پولیس اور سول انتظامیہ نے آدھی رات کی بارش کے بعد جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں صبح سے پہلے کے اوقات میں خانہ بدوشوںاوراُن کی 200 سے زیادہ بھیڑوں کو بچایا۔ حکام نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں شدید بارش کے بعد پولیس اور سول انتظامیہ نے نالے میں پانی کی سطح گرنے سے 200 سے زائد بھیڑوں کو بچایا جہاں اس کے کناروں پر خانہ بدوشوں نے اپنے خیمے لگا رکھے تھے۔ خانہ بدوشوں میں شامل بشیر احمد نے بتایا کہ رات کے اوقات میں زبردست بارش ہوئی،پانی کی سطح میں اچانک اضافے کی وجہ سے، ہماری بھیڑیں پھنس گئیں اور ان میں سے کچھ ڈوب گئیں۔انہوںنے کہاکہ ہم نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی قاضی گنڈ کو فون کیا اور بعد میں پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیم صبح5 بجے کے قریب اسٹاپ پر پہنچی اور 3 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد 200 سے زائد بھیڑوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے بروقت مددکرنے پر پولیس اورسیول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءجنوبی کشمیرکے علاقے کوکرناگ کے مضافاتی بالائی علاقے مرگن ٹاپ میں شدیدبارف وباراں کے باعث 20سے زیادہ خانہ بدوش اپنے70کے لگ بھگ مویشیوںکے ساتھ درماندہ ہوکررہ گئے۔حکام نے بتایاکہ پولیس ،فوج اور سیول انتظامیہ نے اسکی اطلاع ملتے ہی فوری بچاؤ کارروائی عمل میں لائی ۔انہوںنے بتایاکہ اوپری علاقے جو سنتھن ٹاپ روڑ کے نزدیک واقع ہے ،میں بچاؤ کارروائی کیلئے مشترکہ ٹیم روانہ کی گئی اورسبھی بیس خانہ بدوش خاندانوںکو درجنوں موشیوں سمیت وہاں سے نکال کر گاورن میں قائم عارضی پناہ گاہ منتقل کیاگیا ،جہاں خانہ بدوشوں کو کھانے پینے کاسامان فراہم کیاگیا ،اورفوج کی جانب سے ہنگامی اقدام کے بطورایک میڈیکل کیمپ بھی قائم کیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں