خوشحال زندگی دولت سے نہیں بلکہ اچھی صحت سے بنتی ہے / میڈیکل سپرنٹنڈنٹ
پونچھ// ندائے کشمیر/ماجد چوہدری
پونچھ// مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے راجہ سکھدیو سنگھ ضلع اہسپتال پونچھ میں عالمی یومِ صحت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع اہسپتال میں مختلف طبی شعبہ جات میں زیرِ تربیت طلباء و طالبات کے مابین تقریری ، تحریری و مصوری مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے اپنی تقریروں، تحریروں و مصورانہ طریقے سے عالمی یوم صحت پر روشنی ڈالتے ہوئے امسال کی عالمی یومِ صحت کی تھیم ” ہیلتھ فار آل ” کے موضوع اپنے ہنر کا اظہار کیا جسکے بعد مقابلے میں بہترین کارکردگی کرنے والوں کے نتائج بیان کر ہر شعبے میں اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ راجہ سکھدیو سنگھ ضلع اہسپتال پونچھ ڈاکٹر ذوالفقار احمد نے بتایا کہ عالمی یومِ صحت پوری دنیا میں ہر سال جوش و خروش سے منایا جاتا ہے اور اس ضمن میں ہر سال ضلع اہسپتال پونچھ میں تقریب کا انعقاد کر صحت کے امور پر روشنی ڈالی جاتی ہے اور امسال کی تھیم ” ہیلتھ فار آل ” پر تقریب میں تفصیلی روشنی ڈالی تاکہ لوگ صحت کے متعلق بیدار رہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خوشحال زندگی کے لیے دولت نہیں بلکہ اچھی صحت ہونا ضروری ہے کیونکہ صحت ہے تو زندگی ہے ۔