حضرت درویش غلام قادرؒ کے مزار پر ملازمین کے ہمراہ کی صفائی۔
پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری: مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے بلاک پونچھ کے بانڈی چیچیاں علاقے میں حضرت درویش غلام قادر رحمۃ اللہ علیہ کے 24 ویں سالانہ دو روزہ عُرس مبارک کے اختتام پر مزار کے گردونواح تکیہ شریف میں جموں کشمیر بینک کی مین برانچ کے مینیجر دیپک بھان کی زیرِسرپرستی ایک صفائی مہم چلائی گئی جس میں بینک کے ملازمین و مقامی لوگوں نے حصہ لیا اور صفائی مہم کے ذریعے گاؤں کی عوام نے صفائی کے پیغام کو عام کیا۔
مینیجر دیپک بھان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رب کے پیارے لوگ ہیں اور انکے مزارات پر جب ہم جاتے ہیں تو ہمیں صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ہر مذہب میں صفائی کے حوالے سے خاص ہدایات دی گئی ہیں اور اسلام مذہب میں تو صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے گاؤں کے لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ارد گرد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ماحول وغیرہ کو ہمیشہ صاف ستھرا رکھیں ۔