چائلڈ لیبر کے بڑھتے رجحانات پر سرکار سے قدغن لگانے کا کیا مطالبہ۔
پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری :- مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زورآور سنگھ شہباز نے بڑھتی ہوئی چائلڈ لیبر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر ہمارے ملک اور معاشرے کے لیے ایک مہلک بیماری ہے اور اس پر جلد از جلد قابو پانے اور اسے ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کرنے والے بچوں کی جسمانی، ذہنی، سماجی اور فکری نشوونما رک جاتی ہے اور اس سے بچوں کی زندگی بد سے بدتر ہوجاتی ہے۔
ملک میں غربت پھیلتی ہے اور یہ ملک کی ترقی میں رکاوٹوں کا باعث بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچہ مزدور بچوں کے ساتھ بدزبانی کا استعمال کرتے ہیں ان کا رہن سہن بھی بدل جاتا ہے اور بچے بھی وہیں سیکھتے ہیں اور ان کی ذہنی حالت بھی کمزور ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے اچھا معاشرہ پروان نہیں چڑھ پاتا۔
فرنٹ کے چیئرمین زورآور سنگھ شہباز نے کہا کہ غربت کی وجہ سے والدین خود اپنے بچوں کو چائلڈ لیبر کی طرف دھکیلتے ہیں اور اس کے نقصان سے پورے ملک کی ترقی میں رکاوٹیں آتی ہیں، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمیں غربت پر قابو پانا ہے۔ چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور غربت پر تب ہی قابو پایا جا سکتا ہے جب ہم بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کریں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک ویلفیئر فرنٹ کو بچوں کے مستقبل کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے حوالے سے بنائے گئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ ہمارے بچوں کو چائلڈ لیبر سے بچایا جا سکے اور ملک ترقی کر سکے ، چائلڈ لیبر کے خلاف فوری ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا۔