چیف ایجوکیشن آفیسر ، 39 آر آر کے کمانڈگ آفیسر نے مہمانِ خصوصی کے طور پر کی شرکت
پونچھ// ندائے کشمیر/ماجد چوہدری
مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے کنوئیاں زون کے گورنمنٹ ہائی اسکول کنوئیاں میں “ایک بھارت، سریشٹ بھارت” مہم کے تحت ہائی اسکول کنوئیاں و 39 آر آر کی مجموعی شراکت سے سر سید ایجوکیشن مشن نامی رجسٹرڈ تنظیم نے ہائی اسکول کنوئیاں میں ایک عظیم الشان پروگرام کا اہتمام کیا جس میں چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ بشمبر داس، 39 آر آر کے کمانڈگ آفیسر، 39 آر آر کے میجر بھانو پرتاپ، سماجی کارکن سُرجن سنگھ وغیرہ مہمان خصوصی رہے ۔
پروگرام کے آغاز سے قبل پروگرام کی زینت مہمانان کے ہاتھوں اسکولی چاردیواری میں محکمہ سوشل فاریسٹری کے اشتراک سے سرسید ایجوکیشن مشن و ہائی اسکول کنوئیاں کے سٹاف کی نگرانی میں مشن ہریالی کے تحت دو پودے لگائے۔
اس پروگرام کی شروعات قومی ترانے کے ساتھ ہوئی جس کے بعد اسکولی بچوں نے رنگارنگ موسیقی، رقص و دیگر طریقوں سے ‘ایک بھارت، سریشٹ بھارت’ کی مہم کے متعلق شرکاء کو بیدار کیا جس کے بعد مقررین نے ایک بھارت ، سریشٹ بھارت و قومی یکجہتی پر اظہارِ خیال کیا جسے موجود شرکاء نے سماعت کرتے ہوئے مقررین کے خیالات کی تائید کی۔
بعد ازاں سر سید ایجوکیشن مشن کی جانب سے غریب و یتیم بچوں میں ملبوسات تقسیم کیے گئے اور پروگرام کے اختتام پر معزز شرکاء، مقررین، طلباء و طالبات، اساتذہ ، مہمانوں و صحافی برادری کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا اور آخر میں ہائی اسکول کنوئیاں کے ہیڈ ماسٹر و سر سید ایجوکیشن مشن کے چیئرمین سرفراز میر (علیگ) نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔