جموں و کشمیرکی سیکورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری/نتیانند رائے 80

جموں و کشمیرکی سیکورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری/نتیانند رائے

2020 سے جنوری 2023 تک115 شہری اور135 فورسز اہلکار ہلاک،کل 603افراد زخمی

سرx نگر:۷، فروری:جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آنے کایقین ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے منگل کوکہاکہ2020 سے جنوری 2023 تک جموں و کشمیر میںپُرتشدد واقعات کے دوران کل250انسانی جانیں تلف ہوئیں ،جن میں 115 عام شہری اور135 سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔وزارت داخلہ نے واضح کیاکہ مرکزی حکومت’دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس‘کی پالیسی پر کاربندہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے نے منگل کو لوک سبھا کو بتایا کہ2020 سے جنوری2023 تک جموں و کشمیر میں115 عام شہری اور 135 سیکورٹی فورسز ہلاک ہوئے ہیں۔ موصوف وزیرمملکت نے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ2020 میں 37 شہری ہلاک اور61 زخمی ہوئے، جب کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار 62ہلاک اور 106 زخمی ہوئے۔انہوںنے کہاکہ سال2021میں41 شہری جاں بحق اور 75 زخمی ہوئے جبکہ سیکورٹی فورسز کے 42 اہلکار جاں بحق اور 117 زخمی ہوئے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کامزیدکہناتھاکہ سال 2022 میں 30 شہری ہلاک ہوئے اور 134 زخمی ہوئے جبکہ سیکورٹی فورسز کے31 اہلکار ہلاک اور 87 زخمی ہوئے۔انہوںنے کہاکہ31 جنوری 2023 تک7 شہری ہلاک اور 23 زخمی ہوئے جب کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے مزید کہا کہ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے اور جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے جموں اور کشمیر میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں اسٹریٹجک مقامات پر چوبیس گھنٹے لگے ہوئے ناکے شامل ہیں۔ جامد محافظوں کی شکل میں گروپ سیکورٹی،دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے درپیش چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے محاصرے اور تلاشی کے آپریشنز کو تیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں کام کرنے والی تمام سیکورٹی فورسز کے درمیان حقیقی وقت کی بنیاد پر انٹیلی جنس معلومات کا اشتراک،دن اور رات کے علاقے پر تسلط، مناسب تعیناتی کے ذریعے حفاظتی انتظامات موجودہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ انسدادی کارروائیوں میں دہشت گردی کے اسٹریٹجک حامیوں کی نشاندہی کرنا اور دہشت گردی کی مدد اور حوصلہ افزائی کے ان کے طریقہ کار کو بے نقاب کرنے کیلئے تحقیقات شروع کرنا بھی شامل ہے۔اس دوران مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہاکہ جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں دسمبر2022 تک 25000 سے زیادہ آسامیاں بھری گئیں۔ نتیانند رائے نے منگل کو لوک سبھا کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں دسمبر 2022 تک 25ہزار450خالی آسامیاں پْر کی گئی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت نے کئی گورننس اصلاحات کی ہیں، جن میں حکومت میں بھرتیوں کا شعبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تشکیل کے بعد بڑے پیمانے پر بھرتی کی مہم انتہائی شفاف طریقے سے چلائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں گزیٹیڈ اور نان گزٹیڈ زمروں کی 33,426 آسامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے دسمبر 2022 تک 25,450 آسامیاں پْر کی جاچکی ہیں، جبکہ ریکروٹنگ ایجنسیوں نے 7976 آسامیوں کو بھرتی کے لیے مشتہر کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت میں آسامیوں کی نشاندہی اور بھرتی ایک مسلسل اور جاری عمل ہے اور اسے تیز رفتار بھرتی مہم کے تحت لیا جاتا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اکہناتھاکہحکومت جموں و کشمیر نے مختلف محکموں کے ذریعے خود روزگار کی مختلف اسکیموں کو لاگو کرکے ان کے اپنے پائیدار آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس کے قیام کے لئے سبسڈی والے قرضے فراہم کرکے بے روزگاری کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد خود روزگار اسکیمیں جیسے مشن یوتھ، رورل لائیولی ہڈ مشن، ہمایت، پی ایم ای جی پی، اوسر، تیجسوانی کو نافذ کیا جا رہا ہے۔ نیشنل سیمپل سروے آفس (این ایس ایس او) کے ذریعہ کئے گئے متواتر لیبر فورس سروے (PLFS) کے نتائج سے، اپریل-جون 2021 کی مدت کے لئے خاص طور پر جموں اور کشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے بے روزگاری کی شرح کا تخمینہ دستیاب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم، جولائی 2020سے جون2021 کے دوران نیشنل سیمپل سروے آفس (این ایس ایس او) کے ذریعہ کئے گئے پی ایل ایف ایس سے، جموں و کشمیر میں15سے29 سال کی عمر کے لوگوں میں معمول کی حیثیت کے مطابق بے روزگاری کی شرح کا تخمینہ 18.3 فیصد تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں