سرکاری اراضی پر قبضہ:غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی /اشوک کول 56

سرکاری اراضی پر قبضہ:غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی /اشوک کول

سرینگر29جنوری//بی جے پی کے جنرل سیکریٹری نے واضح کیا ہے کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔ یو پی آئی کے مطابق شوپیاں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہم کے دوران غریب لوگوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی بلکہ اثر رسوخ رکھنے والوں سے سرکاری اراضی واپس لی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایل جی منوج سنہا نے بھی واضح کیا ہے کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا لیکن غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔ اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں یہ مہم جاری ہے اور گزشتہ دنوں ہی کٹھوعہ میں بی جے پی کارکنوں کے خلاف بھی کارروائی ہوئی ۔ اُن کے مطابق کسی کے ساتھ بھید بھاو نہیں کیا جائے گا بلکہ غیر جانبدارانہ طریقے سے ملوثین کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بارے میں بی جے پی لیڈر نے کہاکہ گھنٹہ گھر لالچوک میں ترنگا لہرانے کے دوران اگر محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ ساتھ ہوتے تو بہتر ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کی یاترا کے دوران سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے لہذا یہ کہنا کہ لوگوں کو روکا گیا صحیح نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف سیکورٹی فراہم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں تو دوسری جانب اب لوگوں کو روکنے کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں جوصحیح نہیں بلکہ من گھڑت اور حقیقت سے بعید ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں