کاروانِ شعرائے اردو کے زیر اہتمام عظیم الشان اردو مشاعرے کا انعقاد 82

کاروانِ شعرائے اردو کے زیر اہتمام عظیم الشان اردو مشاعرے کا انعقاد

نوجوان شعراء کرام نے جید اور کہنہ مشق اساتذہ کے ہمراہ اپنا کلام پیش کیا
سرینگر26نومبر//کاروانِ شعرائے اردو کے زیر اہتمام آج ٹیگور ہال سرینگر کے کانفرنس ہال میں ایک عظیم الشان اردو مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے طول و عرض سے آئے ہوئے نوجوان شعراء کرام نے جید اور کہنہ مشق اساتذہ کے ہمراہ اپنا کلام پیش کیا۔ محفلِ مشاعرہ کی صدارت وادی کے نامور اردو شاعر اور ادیب جناب اشرف عادل نے کی۔ جبکہ مشاعرے میں جن مستند شعراء نے شرکت فرمائی ان میں جناب جاوید آزر، جناب اشرف بابا، جناب ارشد صالح، جناب پرویز مانوس، جناب ڈاکٹر تنویر طاہر، جناب عارض ارشاد، جناب شفیع شاداب ، محترمہ عزرا حکاک،جناب خوشحال فیضی، جناب وقار دانش، جناب ارشاد ماگامی، جناب توصیف رضا، جناب اعجاز طالب، جناب راقم حیدر صاحب کے اسماء گرامی قابلِ ذکر ہیں۔ تقریب کے آغاز میں کاروان کے جنرل سیکرٹری جناب عارض ارشاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے جناب اشرف عادل نے کاروان کے سرپرست اعلیٰ جناب پرویز مانوس،صدرِ کاروان ڈاکٹر تنویر طاہر، جنرل سیکرٹری عارض ارشاد، میڈیا سیکرٹری جناب معراج الدین فراز اور چیف آرگنائزر جناب شفیع شاداب کا شکریہ ادا کرتے ہوے، اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں بھی ایسی شعری محافل کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ نوآموز شعراء کی رہنمائی ہو سکے۔ آخر پر شکریہ کی تحریک جناب پرویز مانوس نے پیش کی۔ مشاعرے کی نظامت جناب شفیع شاداب نے انجام دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں