جموں وکشمیر کا ہر ایک طبقہ مصائب و مشکلات سے دوچار 50

حقوق کی بحالی کیلئے منظم ،مستحکم اور متحدہ جدوجہد لازمی / ڈاکٹر فاروق

5اگست2019کے فیصلوں کے بارے میں نیشنل کانفرنس کا مؤقف بالکل واضح

سرینگر /26جون / این این این نیشنل کانفرنس اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم ہے اور ہماری جماعت جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی ،لوگوں کی خوشحالی اور فارغ البالی کیلئے کام کرتی رہے گی کا دعویٰ کرتے ہوئے /صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت اور دفعہ370 اور35اے کی مکمل بحالی چاہتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بھی سخت چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور انشاء اللہ ہم اس بار بھی سرخ رو ہوکر اُبھریں گے۔ندا نیو زنیٹ ورک کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ 5اگست2019کے فیصلوں کے بارے میں نیشنل کانفرنس کا مؤقف بالکل واضح ہے اور ہماری جماعت ان فیصلوں کی منسوخی تک اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھے گی۔ ہم اپنے حقوق کی بحالی کیلئے جمہوری اور قانون طریقوں سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے عوام نے مرکزی حکومت کے یکطرفہ اور غیر جمہوری فیصلوں کو مسترد کیا ہے اور اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں اور نئی دلی یہ بات جتنی جلد سمجھ گی اُتنا ہی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی سرزمین کے اصلی مالک کے یہاں کے پشتینی باشندے ہیں، پھر چاہے وہ کشمیری ہوں، ڈوگرہ ہوںیا پھر لداخی ہوں اور نئی دلی کو تینوں خطوں کے عوام کے احساسات اور جذبات کی قدر کرکے یہاں کی چھینی گئی خصوصی پوزیشن کو واپس کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے حقوق کی حصولی کیلئے جدوجہد کرنی ہے اور ایک منظم ،مستحکم اور متحدہ جدوجہد کرنی ہے ، اسی صورت میں کامیابی کا راز مضمر ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ گاندربل میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ مسلسل بے چینی اور غیر یقینیت نے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کردیاہے ، بھرتی عمل پر مسلسل بریک لگائے جانے سے ہزاروں کی تعداد میں یہاں کے نوجوان عمر کی حد کو پار کرگئے ہیں جس کی وجہ سے نئی نسل کو اپنا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے۔ یہاں کے بیشتر طبقوں کی اقتصادی حالت انتہائی خستہ ہوگئی ہے اور ایسے میں ایک جامع منصوبے کی اشد ضرورت ہے جو زمینی سطح پر حقیقی معنوں میں لوگوں کی راحت کا سبب بنے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گذشتہ دنوں موسم کی قہرسامانیوں سے شمال و جنوب میں ہوئے نقصان پر زبردست افسوس کا اظہار کیا اور حکومت پر زور دیا کہ متاثر ہوئے لوگوں کی امداد کاری کی جائے۔ انہوں نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس مشکل دور میںعوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ اور ہرحال میں مدد کیلئے پیش پیش رہیں، جو ہماری پارٹی کا اولین منشور رہاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں