راجناتھ سنگھ جموں کشمیر کے دورے پر ، کنٹرول لائن پر لیا سیکورٹی صورتحال کا جائزہ 48

راجناتھ سنگھ جموں کشمیر کے دورے پر ، کنٹرول لائن پر لیا سیکورٹی صورتحال کا جائزہ

قوم کو افواج پر بے پناہ بھروسہ ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتی ہیں/ راجناتھ سنگھ

سرینگر 16/این این این / وزیر دفا ع راجناتھ سنگھ جمعرات کو دو روزہ جموںکشمیر پر سرینگر پہنچ گئے جس دوران انہوںنے لائن آف کنٹرول کے علاقوں کا دورہ کرکے وہاں صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک میں امن کو خراب کرنے کی مسلسل کوشش کرتا ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ قوم کو افواج پر بے پناہ بھروسہ ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔ ندا نیوز نیٹ ورک کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو جموں و کشمیر کو دو روزہ دورے پر سرینگر پہنچے جس دوران انہوںنے سرینگر پہنچتے ہی سرحدی علاقوںکا رخ کیا اور سرحد کے ساتھ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے؛چیف شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی،لیفٹیننٹ جنرل اے ایس اوجلا اور جی او سی، 19 انفنٹری ڈویڑن میجر جنرل اجے چاندپوریا بھی موجود تھے جنہوں نے تمام صورتحال کے بارے میں راجناتھ سنگھ کو آگاہ کیا۔بعد میں راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں سے بات چیت کی۔ اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر ان کی بہادری اور جوش کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں کی بے مثال ہمت اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے اور لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں قومی فخر کا جذبہ پیدا کرنے پر ان کی تعریف کی۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جموں کشمیر نے ماضی میں بھی شدت پسندی کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ مسلح افواج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی انتھک کوششوں کی وجہ سے حال ہی میں جموں کشمیر میں شدت پسندی کی سرگرمیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پاکستان ملک میں امن کو خراب کرنے کی مسلسل کوشش کرتا ہے۔ لیکن، ہماری سیکورٹی فورسز اس ملک کے لیے ایسی حفاظتی ڈھال ہیں کہ جو بھی اسے توڑنے کی کوشش کرتا ہے، اپنا خون بہاتا ہے۔ قوم کو ہماری افواج پر بے پناہ بھروسہ ہے جو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ اگر کبھی قوم کے اتحاد اور سالمیت کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی تو مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلح افواج مستقبل کے چیلنجز کا پوری طاقت سے مقابلہ کریں گی اور ان کی بہادری اور لگن ملک کے سنہری مستقبل کی تعمیر کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں