شادی کی تقریب کے دوران راجوری میں پُر اسر ار دھماکہ 170

شادی کی تقریب کے دوران راجوری میں پُر اسر ار دھماکہ

دو افراد زخمی ، روا ں ماہ کے دوران علاقے میں چوتھا دھماکہ

سرینگر/25 اپریل/این این این جموں کے راجوری ضلع کے کوٹرنکا کے شاہ پور کنڈی گاؤں میں گزشتہ شام اس وقت خوف کا ماحول دیکھنے کو ملا جب شادی کی تقریب کے دوران پُر اسرار دھماکے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ ندانیوز نیٹ ورک کو اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام راجوری ضلع کے تھانہ بدھل کے گاؤں کے ایک گھر میں پُر اسر ار طور پر دھماکہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ شادی کی تقریب جاری تھی کہ گھر کے باہر دھماکہ ہوا جس میں ٹینٹ ہاؤس میں کام کرنے والے دو کارکن زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ہونے کی اطلاع جوں ہی پولیس کو ملی تو ایس ایچ او کنڈی حبیب پٹھان اور ایس ایچ او بدہل مستاج چودھری اپنی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور دونوں زخمیوں کو سول اسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ زخمیوں کی شناخت جسبیر سنگھ ولد بلوان سنگھ ساکن موہڑہ اور بلند خان ولد سید محمد ساکن جگلانو کے نام سے ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں یہ لگاتار چوتھا دھماکہ ہے، اسی علاقے میں لگاتار ایسا کیوں ہورہا ہے اور یہ کون لوگ ہیں جو امن کو خراب کررہے ہیں، ایسے لوگوں کو جلد گرفتار کرنا چاہیے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 28 دنوں میں علاقے میں یہ لگاتار چوتھا دھماکہ ہوا ہے۔ اس سے قبل سب ڈویژن کے تھانہ کنڈی کے علاقوں میں تین افراد دھماکے میں زخمی ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں