ایشاء کے سب سے بڑے باغ ’’باغ گل لالہ ‘‘کے بند ہونے پر سیاح مایوس 46

ایشاء کے سب سے بڑے باغ ’’باغ گل لالہ ‘‘کے بند ہونے پر سیاح مایوس

باغ کا دروازہ بند دیکھ کر سیاحوں کی بھاری تعداد سیر کئے بغیر ہی واپس لوٹنے پر مجبور

سرینگر /19اپریل / این این این سرینگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کے پیر کے روز بند ہونے پر غیر مقامی سیاحوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔ ندا نیوز نیٹ ورک کے مطابق زبرون کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع باغ گلہ لالہ کو بند کرنے سے سیاحوں میںکافی مایوسی پائی جا رہی ہے ۔ حکام کے اس فیصلے سے بے خبر غیر مقامی سیاحوں کا ایک گروپ جب باغ گل لالہ کی سیر کو پہنچا تو وہاں مین گیٹ کو بند پا کر کافی مایوس ہوگئے۔اس موقع پر پونے سے آنے والے ایک سیاح نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سینئر شہری پونے سے اس باغ کو دیکھنے کے لئے آئے لیکن یہاں اس کے دروازے کو بند پایا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں تھا کہ اس کو 23 اپریل تک کھلا رکھا جائے گا لیکن اس کو ہمیں مطلع کئے بغیر ہی بند کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں گیٹ پر پہنچے لیکن اس کو بند پایا اور اس گیٹ ہمارے لئے نہیں کھولا گیا۔سیاحوں نے متعلقہ حکام سے اس باغ کم سے کم ایک اور دن کے لئے کھلا رکھنے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ 68 قسموں کے 15 لاکھ ٹیولپس سے آراستہ و پیراستہ اس باغ گل لالہ کو ماہ مارچ کی 23 تاریخ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا۔متعلقہ حکام کے مطابق اس سال ریکارڈ تعداد میں سیاحوں نے باغ گل لالہ کی سیر کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سال گذشتہ 2 لاکھ26 ہزار سیاح ہی اس باغ کی سیر سے لطف اندوز ہوئے تھے جبکہ امسال یہ تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی۔خیال رہے کہ حکام نے گزشتہ ہفتے ہی باغ گل لالہ کو سیاحوں کے لئے 18 اپریل سے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت بڑھ جانے کے باعث باغ میں لگے ٹیولپ مرجھانے لگے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں