47

شوپیان کے کئی علاقوں میں سڑکیں انتہائی خستہ

لوگوںکو پیدل چلنے میںبھی خطرہ محسوس ، حکام سے توجہ کی مانگ
سرینگر /09اپریل / ندا نیوز نیٹ ورک ضلع شوپیان کے موشوارہ گتی پورہ سڑک کی خستہ حالی سے لوگوں کا عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ندا نیوز نیٹ ورک نمائندے کے مطابق شوپیاں میں موشوارہ گتی پورہ سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے باعث مقامی آبادی کو پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ خستہ حال سڑک پر لوگ پیدل چلنے میں بھی خطرہ محسوس کر رہے ہیں جب کہ گاڑیوں کو بھی چلنے میں کافی دشواریاں پیش آتی ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ خستہ حال سڑک پر ہر وقت حادثہ پیش آنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے تاہم اسکے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔انہوں نے انتظامیہ خصوصاً محکمہ تعمیرات عامہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’ہمارے علاقے کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ درجنوں دیہات میں رہائش پذیر سینکڑوں افراد روزانہ موشوارہ – گتی پورہ سڑک پر سفر کرتے ہیں جبکہ بعض دیہات کے لیے دیگر دیہات و ضلع صدر مقام تک رسائی کا واحد رابطہ یہی خستہ حال سڑک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال سڑک پر روزانہ سفر کرنے میں لوگوں کو ناقابل بیاں مصیبتوں سے گزرنا پڑتا ہے۔موشوارہ -گتی پورہ کے باشندوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے خستہ حال سڑک کی مرمت کے حوالے سے کئی بار حکام کو آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ سڑ ک کی تعمیر و تجدید کیلئے اقداما ت اٹھائے جائیں۔حکام نے یا تو توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی یا یقین دہانیوں کے باوجود بھی خاطر خواہ اقدامات اٹھانے میں ناکا م رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں