57

سری نگرگرینیڈحملہ :مہلوکین کی تعداد2ہوگئی

19سالہ طالبہ دم توڑبیٹھی،کچھ افراد گرفتار/پولیس
سری نگر:۷،مارچ//شہر سری نگرکے حضرت بل علاقہ میں منگل کی صبح اُسوقت صف ماتم بچھ گئی ،جب اتوارکے روز سیول لا ئنز میں امیراکدل پُل کے نزدیک ہوئے گرینیڈ دھماکے میں شدیدزخمی ہونے والی ایک مقامی جواں سالہ دوشیزہ کے فوت ہونے کی خبریہاں پھیلی ۔19سالہ مہلوک دوشیزہ رافعہ کی آخری رسومات میں بڑی تعدادمیں لوگ شامل ہوئے ۔خیال رہے اس گرینیڈ دھماکے میں اتوار کوایک معمر شہری کی موت واقعہ ہوئی جبکہ تین درجن کے لگ بھگ افرادزخمی ہوئے تھے ،جن میں حضرت بل کی دوشیزہ بھی شامل تھی ۔جے کے این ایس کے مطابق اتوار کو شہر سری نگرکے سیول لائنز علاقہ میں امیراکدل کے نزدیک مصروف سڑک ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ پر تقریباً 4 بجکر20 منٹ پر ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور33 عام شہری زخمی ہوئے تھے ،تاہم زخمیوںمیں شامل نوہٹہ کارہنے والا70سالہ بزرگ شخص محمداسلم مخدومی اتوارکوہی زخموںکی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھاجبکہ باقی زخمی صدر اسپتال میں زیرعلاج رہے ۔ان زخمیوںمیں شامل12ویں جماعت پاس کرچکی طالبہ پیرکی صبح اسپتال میں داعی اجل کولبیک کہہ کر اپنے والد ،والدہ اوردیگر اہل خانہ کوداغ مفارقت دے گئی ۔ذرائع نے بتایاکہ اتوار کی دوپہر ایک گرینیڈ حملے میں زخمی ہونے والی ایک 19 سالہ طالبہ رافعہ بنت نذیر احمد ٹنڈہ ساکن حضرت بل سری نگر پیرکی صبح ایس ایچ ایم ایس میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس، ڈاکٹر کمل جیت سنگھ نے کہاکہ زخمی دوشیزہ صبح 8بجے کے قریب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔جواں سالہ طالبہ کی موت واقعہ ہونے کے بعداتوار کوہری سنگھ ہائی اسٹریٹ پرہوئے گرینیڈ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد2ہو گئی ۔ جب نوجوان طالبہ رافعہ کی میت کوصدراسپتال سے آبائی گھرواقع حضرت بل پہنچایاگیاتووہاںکرام مچ گیا،اور مہلوک دوشیزہ رافعہ کی آخری رسومات میں بڑی تعدادمیں لوگ شامل ہوئے ۔اس دوران معلوم ہواکہ گرینیڈدھماکے بعدپولیس نے کچھ افرادکوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا۔ پولیس نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی شام پولیس نے دھماکے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لئے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔خیال ر ہے پولیس چیف دلباغ سنگھ نے اس گرینیڈ حملے کی مناسبت سے اتوار کوکہاتھاکہ دستی بم کاحملہ کرنے والوںکے بارے میں اہم سراغ پولیس کومل گئے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں