میدانی علاقوں میںتازہ بارشوں سے سردیوں کی لہر واپس لوٹ آئی
سرینگر/25فروری//وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے چلتے شہر آفاق گلمرگ اور مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میں شبانہ برفباری کے بیچ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ۔ تازہ برفباری اور بارشو ں کے نتیجے میں شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے 24گھنٹوں تک مزید بارشوں اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے یکم مارچ تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی جبکہ دو مارچ سے موسمی صورتحال میں پھر تبدیلی آنے کے امکاتات ظاہر کئے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق محض ایک دن کیلئے برفباری اور بارشوں کے ٹھہرائو کے بعد جمعرات کی شام سے ہی میدانی علاقوں میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہو گیا ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جبکہ گلمرگ ، پہلگام اور دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جمعہ کے روز شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی دن بھر وقفے وقفے سے بارشوں کا کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر رہی ۔ ادھر پہہلگام ، ٹنگمرگ ، شوپیان ، بڈگام اور دیگر بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں اور جنوبی کشمیر کے کے علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ برفباری کے نتیجے میں گلمرگ سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثرہ ہوئی ۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت 1.6ڈگری ریکارڈ کیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں بھی 1.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور اس کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ گزشتہ رات منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میں 2.2 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی اور گزشتہ رات منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں 6 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی اور کم سے کم منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔لداخ کے لیہہ میں 4 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ کارگل کے آٹومیٹک اسٹیشن پر پارہ منفی 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ اہلکار نے بتایا کہ سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام دراس میں منفی 18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ رات 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی بارش، برف باری یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یکم مار چ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا جس کے بعد موسمی صورتحال میں پھر سے تبدیلی کا امکان ہے ۔
58