جموں کشمیر پی ایچ ڈی اسکالرس کا پریس کالونی میں احتجاج 61

جموں کشمیر پی ایچ ڈی اسکالرس کا پریس کالونی میں احتجاج

ہزاروں اسکالرس کے مستقبل کو بچانے کیلئے لیفٹنٹ گورنر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی
سرینگر/14فروری/جموں کشمیر انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے نظر اندازکرنے پر جموں و کشمیر پی ایچ ڈی اسکالرز ایسوسی ایشن نے شدیدبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوموار کو پریس کالونی سرینگر میں زور دار احتجاج کیا ۔ سی این آئی سٹی رپورٹر کے مطابق سوموار کی صبح پریس کالونی سرینگر میں اس وقت ہماری مانگیں پوری کروں ، ہمارے ساتھ انصاف کروں کے نعرہ بلند ہوئے جب جموں و کشمیر پی ایچ ڈی اسکالرز ایسوسی ایشن سے وابستہ درجنوں امید وار نمودار ہوئے اور انہوں نے احتجاج کیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھا تھا اور وہ ’ہمیں انصاف چاہئے‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقعہ پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایسوی ایشن کے صدر ڈاکٹر تنویر نے کہا کہ ہم اپنے مسائل کو پر امن طریقے سے اجا گر کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ ہیں اور مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کام کر رہے ہیں لیکن ہماری تنخواہ کافی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنخواہوں میں اضافہ کیا جانا چاہئے اور ہمیں اسسٹنٹ پروفیسر کا ٹائیٹل دیا جانا چاہئے۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ سرمائی اور گرمائی تعطیلات کے دوران ہمیں تنخواہ نہیں دی جاتی ہے جس سے ہمیں گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کچھ مطالبات ہے جن میںسر فہرست تنخواہوں میں اضافہ، سال 2021 کے ایکسپرینس پوائنٹس کے نقصان سے اسکالروں کو بچانا’ نامن کلچر میں لکچرر کے بجائے اسسٹنٹ پروفیسر کا استعمال، موسم سرما کی تعطیلات کی تنخواہ ، پورے ایکڈمیک سشن پر محیط کنٹریکٹ، سال 2022 اکیڈمک ایجمنٹ نوٹیفیکیشن کا جلد از جلد اجرا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔انہوں نے اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے ان کے مسائل کو دور کریںاور کہا کہ اسکالرس کے مستقبل کو بچانے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں